کوئٹہ (خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے کوئٹہ شہر میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال بالخصوص ائرپورٹ روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر گردوغبار اور گندگی کا سختی سے نوٹس لینے اور ذمہ دار افسروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت پر سیکرٹری محکمہ بلدیات نے گریڈ19کے افسرمحمد اکرم ناصر ، چیف میٹروپولیٹن آفیسر اور گریڈ17کے افسر بشیر احمد گھونیہ سنیٹیشن افسر کو کوتاہی کا مرتکب پانے اور فرائض میں غفلت برتنے پر فوری طور پر معطل کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر کی صفائی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو تقریباً ایک ارب کی خطیر گرانٹ فراہم کی تھی ،جس سے صفائی کی جدید مشینری خریدی گئی تھی تاہم اس کے باوجود صفائی کی صورتحال تاحال بہتر نہ ہوسکی جس پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کے سیکرٹری کو صورتحال کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے ساتھ صفائی کی صورتحال کی ابتری کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔