اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نےتربت بلوچستان میں پنجاب کے 20؍ نوجوانوں کے قتل کا از خود نوٹس لیتے ہوئے صوبائی آئی جی پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے سے تین روز میں واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے یہ از خود نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا جس کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت اور بلیدہ سے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 20 ؍ افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملیں جنہیں انسانی اسمگلر غیر قانونی طور پر سرحد پار کر کے ایران لے جانا چاہتے تھے۔ چیف جسٹس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی جی ایف آئی اے سے تین روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ عدالت کو بتایا جائےکہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔