• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بار ہائوسنگ سوسائٹی اراضی کا نوٹیفکیشن معطل ،فریقین سے جواب طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہائوسنگ سوسائٹی کے لئے اراضی حصول کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔ لینڈ ایکوزیشن کلکٹر نے 28 اکتوبر 2016ءکو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہائوسنگ سوسائٹی کے لئے اراضی کے حصول کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جسے گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو فارمنگ سوسائٹی لمیٹڈ نے عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔ درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل سعید خورشید احمد نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہائوسنگ سوسائٹی کے لئے حاصل کی گئی 8194 کنال اراضی میں سے ایک ہزار کنال اراضی گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو فارمنگ سوسائٹی لمیٹڈ کی ہے جو 1990ءسے رجسٹرڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لینڈ ایکوزیشن کلکٹر نے قانون کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس پر اعتراضات بھی دائر کئے گئے لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور 28 اکتوبر 2016ء کو اسلام آباد کے زون IV میں واقع موضع تمہ اور موہریاں میں 8194 کنال اور 15 مرلے اراضی کے حصول کانوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جہاں درخواست گزار سوسائٹی کی ایک ہزار کنال اراضی بھی موجود ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ مذکورہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔
تازہ ترین