ملتان( سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم اور سینئر وائس چیئرمین پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تاجروں کے کندھوں پر سوا ر ہو کر اقتدار میں آنے والے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی ملتان و سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیق کی زیر قیادت پیپلز پارٹی تاجر ونگ کے رہنمائوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قلعہ کہنہ قاسم باغ کا جلسہ سیاست کی نئی راہ متعین کرنے کے ساتھ ساتھ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے تاریخی جلسوں کی یاد تازہ کرے گا ۔پیپلز ٹریڈرز سیل ملتان کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تاجروں کے کنونشن کے انعقاد اور تنظیم سازی کے قیام کو یقینی بنائے گی تاکہ15دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ملتان جلسہ کی کامیابی کے لئے منظم ہو کر بھرپور جدوجہد کی جاسکے اور پیپلز ٹریڈرز سیل کو منظم اور فعال بنایا جاسکے۔ یوسف رضا گیلانی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے جلد سے جلد پیپلز پارٹی ٹریڈرز سیل ملتان کی تتظیم نو مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔