سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس نے شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران گیسٹ ہاؤس، مسافر خانوں ، ہوٹل اور ایسے مقامات جہاں باہر سے لوگ آکر ٹھہرتے ہوں ان کی تلاشی لی گئی اور وہاں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کئے ۔پولیس نے 35سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق 12ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں ، تمام پولیس افسران اور تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تھانوں کی حدود میں اچانک چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائیں، مختلف چوراہوں، شاہراہوں پرمشتبہ اور مشکوک گاڑیوں پر نظررکھی جائے، جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کراتے ہوئے تمام ایسے مقامات جہاں باہر سے لوگ آکر ٹھہرتے ہیں ان کے مکمل کوائف اور ریکارڈ کو چیک کیا جائے، انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے اچانک چیکنگ اور سرچنگ کے دوران ریجنٹ، پرانا سکھر، نواں گوٹھ، بہار کالونی اور باگڑجی سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے جن مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان سے تفتیش کی جارہی ہے اور ان کے کوائف چیک کئے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ، علماء کرام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارگی کو فروغ دینے، امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے کے حوالے سے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔پولیس نے بھی علماء کرام کی تجاویزکی روشنی میں سیکیورٹی انتظامات مرتب کئے ہیں ، علماء کرام جو بھی تجاویز دیں گے ان میں بہتر تجاویز پر پولیس عملدرآمد کو یقینی بنائے گی، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے تمام افسران اور تھانہ انچارجز کو بھی سختی سے ہدایات دی گئی ہیں ۔