• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ، خاتون،بچے سمیت 6 شہید

کوئٹہ (نمائندہ جنگ)سریا ب پل کے قریب سیکٹر کمانڈنٹ چلتن رائفلز کی گاڑی پر خود کش حملے میں خاتون اور بچے سمیت 6راہگیر شہید جبکہ 6ایف سی اہلکاروں اور خواتین و بچوں سمیت 27افراد شدید زخمی ہو گئے، کمانڈنٹ چلتن رائفلز گاڑی میں موجود نہیں تھے، دھماکے سے قریبی دکانوںاور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ3گاڑیوں، ایک رکشےاور 2موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا،اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملے کو طلب کر لیا گیا ،خود کش حملے میں 18کلو دھماکہ خیز مواد اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے جبکہ حملہ آور کا سر اور پائوں تحویل میں لے لئے گئے۔ گورنر ،وزیر اعلیٰ، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، سیاسی رہنمائوں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سیکٹر کمانڈنٹ چلتن رائفلز کرنل اشتیاق احمد کو بلوچستان یونیورسٹی سے انکی اور سیکٹر کی 2گاڑیاں لینے کیلئے ہیڈ کوارٹر جا رہی تھیں کہ جیسے ہی گاڑیاں سریاب پل کے قریب پہنچیں توایک خود کش حملہ آور نے کمانڈنٹ کی گاڑی کے قریب خود کو اڑا لیا، اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال اور ایف سی اہلکاروں کو سی ایم ایچ پہنچایا، سول اسپتال میں زخمی خاتون نر گس بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئی ،خود کش حملے کی اطلاع ملنے پر وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے بی ایم سی اور سول اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو طلب کر لیا۔ سول ڈیفنس بم ڈسپوزل ٹیم کے مطابق خود کش حملے میں 18کلو دھماکہ خیز مواد اور بال بیرنگ استعمال کئے گئے حملہ آور کا سر اور پائوں تحویل میں لے لئے گئے ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوایا جائے گا۔ جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ خودکش حملہ آور کے اعضاء اکٹھے کر لئے گئے حملے میں5 افراد شہید جبکہ21زخمی ہوئے ہیں جن میں5 کی حالت تشویشناک ہے، شہر میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین