• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے تنقیدی بیانات کو مسترد کردیا

کوئٹہ ( اے پی پی)گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی نے سی پیک منصوبوں کے تحت گوادر پورٹ اتھارٹی کے حوالے سے تنقید ی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے مکمل فعال ہونے سے حاصل ہونے والا ریونیو لوگوں کی توقعات سے بہت زیادہ ہوگا، گوادرپورٹ پر کام کرنے والی کمپنی چائنا اورسیز پورٹس ہولڈنگ فری زون کی فعالیت اور دیگر تعمیرات پر پانچ ارب ڈالر خرچ کرے گی جوکہ رعایتی دورانیہ کے بعد گوادر پورٹ اتھارٹی کو منتقل ہوجائینگے ،2007میں پورٹ آف سنگاپور اتھارٹی انٹرنیشنل سے کیا گیا معاہدہ 2013میں منسوخ کردیا گیا جس کے بعد نئی کمپنی نے پانی بجلی اور ذرائع مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کی عدم فراہمی کے باوجود نامساعد حالات میں جی پی اے کے ساتھ ملکر کام شروع کیا اور کمپنی کو تفویض کردہ معاہدے پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ لوکل افراد کو ملازمتوں کی فراہمی صحت،تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سی پیک کا مرکزی منصوبہ ہے اس کے فعال ہونے سے بلوچستان میں معاشی اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہوگا اور لوگوں کو توقعات سے زیادہ فوائد حاصل ہونگے،انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سے متعلق پھیلائی گئی ایسی تمام افواہیں بے بنیادہیں جس میں گھاٹے کا سودا ہونے کاتاثر دیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسی افواہوں سے نہ صرف ترقی کا عمل متاثر ہوگا بلکہ سی پیک سے منسلک تمام منصوبے متاثرہونے کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین