• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی بھر کنوارہ رہنے کے خواہشمند افراد میں نسیان کا خطرہ 42؍ فیصد بڑھ جا تا ہے، تحقیق

کراچی (نیوز ڈیسک) شادی کرنا چاہے ذاتی فیصلہ ہو یا نہ ہو لیکن شادی سے انکار کرنے والوں کیلئے اس فیصلے سے ان کے دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جس سے ان کی یادداشت جاتی رہتی ہے۔ ایک نئی تحقیق میں برطانیہ کی یونیورسٹی کالج لندن کے ماہرین نے بتایا ہے کہ شادی نہ کرنے والے افراد میں نسیان (بھولنے کی بیماری) کا خطرہ 42؍ فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ ماہر نفسیات اینڈریو سومرلینڈ کی زیر قیادت کی جانے والی اس تحقیق کیلئے 15؍ مختلف طرح کی تحقیق کے اعداد و شمار حاصل کیے گئے۔ اس ریسرچ کیلئے امریکا، یورپ، جنوبی امریکا اور ایشیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تحقیق کا محور بنایا گیا ہے۔ 8؍ لاکھ 12؍ ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد ماہرین کی ٹیم نے بتایا کہ زندگی بھر کنوارے رہنے کو ترجیح دینے والے افراد میں نسیان کا خطرہ 42؍ فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے شریک حیات کا انتقال ہو چکا ہو اور وہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ کریں تو ایسے افراد میں بھی نسیان کا خطرہ 20؍ فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ دلچسپ اور حیران کن بات یہ ہے کہ طلاق یافتہ افراد میں اس بیماری کے آثار نہیں پائے گئے لیکن اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ تحقیق میں طلاق یافتہ افراد کی تعداد نے کم تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین