اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ تفرقہ بازی اور لسانیت کی آگ سے ملک جل جاتے ہیں ، کوئی ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ،ختم نبوت کے قانون میں قطعا کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، حافظ حمد اللہ کی نشاندہی پر زاہد حامد نے اعتراض کے خاتمے کی بات کی، زاہد حامد پرالزامات پر دکھ ہوا۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں مدرسے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ کوئی ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ ختم نبوت کے قانون میں قطعا کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ حافظ حمداللہ کی نشاندہی پر زاہد حامد نے اعتراض کے خاتمے کی بات کی،زاہد حامد پرالزامات پر دکھ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر ہر مسلمان جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ مذہبی افراتفری پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچائے، ملک کو ترقی سے روکنے کیلئے سازش کی جارہی ہے ۔علاوہ ازیں جمعرات کو وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے مختلف تھانو ں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ تھانہ رمنا، تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ کوہسار گئے۔ احسن اقبال نے تھانوں کے رپورٹنگ روم کا جائزہ لیا اور روزنامچے چیک کیے۔ تھانوں کے رپورٹنگ روم کے عملے نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی ۔ وزیر داخلہ نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ نے تھانہ رمنا کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عمارت کو جلد از جلد تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ پولیس عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے اور تھانے میں آنے والے ہر شہری کی فوری دادرسی کی جائے۔ انہوں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں ماڈل کمیونٹی سینٹر کی تعمیر میں تاخیر پر متعلقہ افسروں کی سرزنش کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام تھانے ہنگامی بنیادوں پر کمیونٹی سنٹر کا قیام عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں، اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے پولیس کو عوام دوست ہونا پڑے گا۔