• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن میلاد النبی ؐمنایا گیا،راولپنڈی، اسلام آباد میںجلوس

راولپنڈی ، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، وقائع نگار، نمائندہ جنگ، نیوز رپورٹر ) ملک بھرمیں جمعہ کوجشن میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایاگیا۔اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31جبکہ مظفر آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں21,21 توپوں کی سلامی دی گئی۔اسلام آبادکی سرکاری ونجی عمارتوں پرچراغاں کیاگیاتھا۔ اسلام آبادمیں بھی عیدمیلادالنبی ﷺ کاجلوس روایتی جوش وخروش سے نکالاگیاجس میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی، ستارہ مارکیٹ کرکٹ گراؤنڈسے شروع ہونے والے جلوس کا اختتام آبپارہ مارکیٹ کے قریب سخی محمودبادشاہ کے مزارپر ہوا،جہاں جلسہ کا اہتمام کیا گیا تھا، جلوس کی حفاظت کے لئے اسلام آبادپولیس نے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ راولپنڈی میں مرکزی جلوس کا افتتاح مرکزی جامع مسجد سے ہوا ۔آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن، مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی کے صدر ندیم شیخ و دیگر نے شر کت کی ۔ جلوس کے راستے میں عاشقان رسول نے میلاد کیمپ لگا رکھے تھے جن پر پورا دن نعت خوانی ہوتی رہی جبکہ مختلف مقامات پر لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جلوس جامع مسجد سے ہوتا ہوا شاہ نذرپل، بنی چوک سے مری روڈ پر پہنچا جہاں سے کمیٹی چوک سے گزرتا ہوا اقبال روڈ سے فوارہ چوک پہنچا اور رات گئے جامع مسجد روڈ پر اختتام پذیر ہوا،مرکزی جلوس میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی وحدت و اخوت کمیٹی کے وفد نے بھی شرکت کی۔ مرکزی میلاد کمیٹی لبیک یا رسول اللہ کے زیر اہتمام عید میلاد النبی کے جلوس کا آغاز جامع مسجد شاہ ہمدان سے ہوا، جلوس میں مئیر سردار نسیم، ایم این اے ملک ابرار ملک افتخار، راجہ راشد حفیظ ، راجہ حنیف، راجہ ارشد، وقار ڈار، محمد الماس عباسی اور ڈاکٹر شفیع قادری نے شرکت کی۔جلوس کا اختتام ائیر پورٹ روڈ تابش ہائوس پر ہوا۔ اسلام آباد میں بھی جشن میلاد النبیﷺ منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پانچ سو سے زائد میلاد کمیٹیوں ، تین سو سے زائد مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں اور ڈھائی سو سیرت کمیٹیوں کے سینکڑوں جلوس مرکزی اجتماع پولیس گرائونڈ مرکز جی سیون میں جمع ہوئے۔ جہاں پر جلوس کے افتتاح سے قبل کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت خواجہ پیر محمد بدرِ عالم جان المعروف میاں گل، سجادہ نشین مرشد آباد شریف پشاور نے کی۔کانفرنس سے پیر سید محمد علی واسطی ،علامہ پیر قاری عبید الرحمٰن ستی ،علامہ ڈاکٹر مفتی میاں عبدالقادر سکندری ، چوہدری محمد یٰسین ،جہانگیر شاہ سعیدی ، پیر غلام ربانی اختر القادری ، علامہ مفتی گلزار احمد نعیمی، مولانا ابو الفضل عبد الغنی نقشبندی، علامہ سید امتیاز حسین شاہ کاظمی ، مفتی محمد نذیر کھوکھر ، مولانا قاری املاک حسین چشتی ، علامہ سلطان امیر چشتی ، صاحبزادہ حسیب احمد نظیری، مولانا محمد عارف نقشبندی، صاحبزادہ محمد یاسر جیلانی نے خطاب کیا۔ جلوس پولیس گرائونڈ جی سیون مرکز سے ہوتا ہوا ستارہ مارکیٹ ، گول مارکیٹ، مرکزی جامع مسجد الحبیب ، لال کوراٹر امام بارگاہ جی سکس ٹو، اڈی، لال مسجد آبپارہ سے ہوتا ہوا دربارحضرت سید سخی محمود بادشاہ پر پہنچا ۔ اس موقع پر علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی ، مولانہ محمد اسلم ضیائی ،قاری عبدالعزیز قادری نے خطاب کیا۔
تازہ ترین