مانچسٹر(تنویر کھٹانہ)نواز شریف نے پارٹی کی نئی مجلس عاملہ تو بنائی ہے لیکن اس کے باوجود ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے۔ پاکستان میں احتساب کا عمل جاری رہے گا،انتخابات سے پہلے احتساب کی لمبی فہرست تیار ہو رہی ہے، کرپشن کرنے والے نہیں بچ پائیں گے۔اگر حدیبیہ کیس کا فیصلہ ہو گیاتو شریف خاندان کا پاکستان میں سیاست سے صفایا ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مانچسٹر کے معروف بزنس مین انیل مسرت کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں پی ٹی آئی برطانیہ، پی ٹی آئی آئرلینڈ اور پی ٹی آئی فرانس کے عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی چھوٹی پارٹی ہے،یہ جلسہ آئندہ انتخابات کی تیاری نہیں ہے، دو دن کے لیے برطانیہ آیا ہوں۔ دھرنے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے متعلق سوال کے جواب پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے ان کی عیادت کے لیے بھی جانا چاہیے تھا زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے مجھے ہمدردی ہے لیکن ہماری پولیس کو بھی پروفیشنل ٹریننگ کی اشد ضرورت ہے۔ عدلیہ سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل تک نواز شریف کو عدلیہ کا ہر فیصلہ منظور تھا لیکن جب اپنی باری آئی تو سوال کرتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور اب انھیں ججز اور فیصلے پر تنقید کرتے ہیں جن کے فیصلوں کو کل تک سراہا جاتا تھا۔نواز شریف کے بیٹوں سے پیسوں کے حساب کا سوال جائز ہے کیونکہ وہ وزیراعظم کے بیٹے ہیں۔ پاکستان میں حالات کی خرابی کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ فوج آ جائے اور ان کا آئینی احتساب نہ کیا جائے اور اسی لیے وہ عدلیہ اور فوج کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا وزیر اعظم کشمیری تھا لیکن انھوں نے اس مسئلہ کو اتنی توجہ نہیں دی۔ حکومت وقت کو کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلہ کو حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سی پیک پاکستان میں ترقی کا باعث بنے گا لیکن اس منصوبے سے ملنے والی رقم کو ہمیں صحیح جگہ انویسٹ کرنا ہو گا۔ پاکستان میں ترقی کرپشن کے سد باب سے مشروط ہے۔