ملتان،سکندرآباد(نمائندہ جنگ) غلہ منڈی شجاع آباد میں ڈاکو دن دہاڑے بینک سے9کروڑ کاسونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے ڈاکو سکیورٹی گارڈ، بینک منیجر اور عملہ کو یرغمال بنا لیا لوٹ مار کے بعد سی سی ٹی وی کیمرہ اور ڈیوائس بھی ساتھ لے گئے بینک میں بل بجلی ادا کرنے والوں کو بھی یرغمال بنایا گیا اور عملہ اور بل ادا کرنے والوں کو دو دو تھپڑ بھی مارے ڈاکو آدھا گھنٹہ واردات کرتے رہے کسی کو خبر تک نہ ہوئی کہ بینک میں کیا ہو رہا ہے بینک عملہ اور بل ادا کرنے والوں کو لاکر میں بند کر کے فرار ہو گئے پولیس نے واردات مشکوک قرار دیتے ہوئے چھ بینک ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے ڈاکو ساڑھے بارہ بجے دن بینک میں داخل ہوئے اطلاع ملنے پر آر پی او ملتان ، سی پی او ملتان سرفراز احمد فلکی اور دیگر افسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع واردات پر پہنچ گئے اور فرانزک لیب کے افسران بھی آن پہنچے اس موقع پر سی پی او سرفراز احمد فلکی نے صحافیوں کو بتایا کہ اس معاملہ کی چھان بین کر رہے ہیں اور بینک عملہ ڈکیتی ہونے والے سونا کا ریکارڈ چیک کر رہے ہیں اس کے بعد ہی صحیح تعین ہو سکے گا کہ کتنا سونا تھا بینک میں سکیورٹی گارڈ اور عملہ کو یرغمال بنا یا گیا جو بینک میں موجود الارم نہیں بجا سکے دوسری جانب بینک حکام کے مطابق ڈاکو تقریبا نو کروڑ مالیت کا سونا اور نقدی لے گئے ہیں راجہ رام سے آئے ہوئے راؤ وکیل احمد نے بتایا کہ میں بینک میں بل ادا کرنے آیا تو ڈاکوؤں نے مجھ سمیت بل ادا کرنے والے تین افراد کو یرغمال بنا کر لاکر میں بند کردیا ڈاکو سادہ کپڑوں میں تھے نوجوان تھے شلوارقمیض پہنیں تھیں بل ادا کرنے والے کی بڑھیا باہر بیٹھی تھی جب اس نے دیکھا کہ کافی دیر ہونے کے باوجود بل ادا کر کے میرا بچہ واپس نہیں آیا تو وہ بینک گئی تو وہ لاکر میں بند تھے دوسری جانب قائم مقام ایس ایس پی اپریشن ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ یہ بنک سونے کے عوض تاجروں کو قرضہ فراہم کرتا ہے پانچ یا چھ ڈاکو اندر ڈاخل ہوئے بنک کا ایک سیکورٹی گارڈ چھٹی پر تھا جبکہ ایک ڈیوٹی کر رہا تھا اور کیشئر دو گھنٹے کی چھٹی لے کر غائب ہوا تھا انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی نہ کوئی بینک کا ملازم ضرور شامل ہے تاہم تفتیش کی جا رہی ہے بینک کے منیجر محمداکرم نے صحافیوں کو بتایا کہ دوموٹرسائیکلوں پر سوار چھ ڈاکوؤں نے بینک کے سکیورٹی گارڈز اسلحہ چھینا مجھے تشدد کانشانہ بنایا سی پی او ملتان نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بینک کسانوں سے سونا لیکر ان کو قرضے فراہم کرتاہے بینک ریکارڈ دیکھنے کے بعد ہی سونے کی مالیت کاتعین کیاجاسکے گا بینک کے چاروں اطراف د کانیں ہونے کے باوجود کسی کو ڈکیتی کاعلم نہ ہوا ہم نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے امید ہے کہ ہم بہت جلد ڈاکوؤں کو گرفتارکرلیں گے ذرائع کے مطابق شجاع ذآباد بینک میں ہونیوالی ڈکیتی کا آئی جی پنجاب نے بھی نوٹس لے لیکر آرپی او اورسی پی او ملتان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔