سوات، کوہستان(نمائند گان جنگ)سوات میں موسم سرما کی دوسری برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ،وادی مالم جبہ اور کالام سمیت دیگر بالائی پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی ،مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،پیر کی صبح گہرے بادل چھانے کے بعد وادی مالم جبہ ،کالام اور دیگر بالائی علاقوں میں آسمان سے سفید موتیاں گرنے سے ہر سو سفیدی پھیل گئی ہے جس سے حسین وادیوں کا حسن مزید نکھر گیا ہے، مینگورہ شہر ،سیدوشریف اور ملحقہ میدانی علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ پانچ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر کوہستان ریجن کے تینوں اضلاع کوہستان اپر ،کوہستان لوئر اور کولئی پالس کے اضلاع میں بھی کل صبح ہی سے بارشیں جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا اورلوگوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی ۔