• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ، عملہ سیاسی و مذہبی دبائو میں نہ آئے، ڈی جی ادارہ ترقیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کے ڈی اے، کے ایم سی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نےشہر بھر میں قائم تجاوزات کے خلاف مشترکہ طور پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے منگل کوڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی نے سوک سینٹر میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس اور میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر اصغر عباس کے ہمرا ہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات جام خان شورو،ڈی جی رینجرز سندھ، اور آئی جی سندھ کا مکمل تعاون حاصل ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ادارہ ترقیات کراچی تجاوزات کے خلاف آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے آخری حد تک جائے گاجبکہ دیگر اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی اے اراضی پر قائم رفاہی و رہائشی پلاٹس کو غیر قانونی طور پر کمرشل پلاٹس کی بنیاد پر استعمال کیا جارہا ہے، ایسے تمام پلاٹس کی فی الفور نشاندہی کرکے محکمہ جاتی کارروائی کی جائے، کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ سیاسی و مذہبی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر بلا تفریق آپریشن جاری رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کے ڈی اے اراضی پر چائنا کٹنگ کے باعث ادارہ کی ساکھ متاثر ہوئی لیکن اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اراضی کو واگزار اور چائنا کٹنگ سے محفوظ رکھنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے،بعدازاں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آغامقصود عباس نے ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی کے قبضہ مافیا کے خلاف اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تازہ ترین