اسلام آباد (صالح ظافر) لندن میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بحث کی جائے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی موجود ہوں گے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر خارجہ بدھ کی رات دیر سے ترکی کے شہر استنبول سے لندن پہنچے۔ لندن آمد کے فوراً بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نواز شریف سے مختصر بات چیت ہوئی۔ حسن نواز کے گھر پر تفصیلاً ہونے والی بات چیت اور مشاورت کے بعد جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں توقع ہے کہ اہم فیصلے کیے جائیں گے جن کے ملک کے سیاسی منظرنامے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔