• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ہٹ مین‘‘روہت شرما نے کئی ریکارڈز پاش پاش کردیے

موہالی (جنگ نیوز ) بھارت میں ہٹ مین کہلائے جانے والے روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں تیسری ڈبل سنچری جڑ کر ریکارڈ بک میں نام درج کرالیا۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ پہلے اور اب تک واحد بیٹسمین ہیں۔ بھارتی ٹیم کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور روہت شرما نے 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 153 گیندوں پر 208 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔ روہت شرما اس سے قبل 3 نومبر 2013 کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف 209 اور14 نومبر 2014کو سری لنکا ہی کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں264 رنز بناچکے ہیں، یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ ہے۔ روہت شرما کے علاوہ سچن ٹنڈولکر(200) اور وریندر سہواگ (219) نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل (237) اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل(215) بھی ڈبل سنچریز بناچکے ہیں۔وہ پانچ بار 150 پلس اننگز کھیل کر سچن ٹنڈولکر اور ڈیوڈ وارنر کے ہم پلہ بھی ہوگئے۔ انہوں نے 17برس بعد کیلنڈر ایئر میں چھ یا زائد ون ڈے سنچریاں بنانے والے پہلے بھارتی اوپنر ہونے کا اعزاز بھی پا لیا ہے۔ روہت شرما ون ڈے میچ میں بیٹ کیری کرنے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے بارہویں کھلاڑی بن گئے، روہت شرما ایک اننگز میں کسی ایک بولر کے خلاف زیادہ رنز بٹورنے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں، انہوں نے دلرووان پریرا کی 32 گیندوں پر 67 رنز بنا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
تازہ ترین