سکھر (بیورو رپورٹ) قومی ہاکی چیمپئن شپ کے تیسرے روزنیشنل بینک آف پاکستان، سوئی سدرن گیس کمپنی، فوجی فرٹیلائیزر کمپنی ، فاٹا، سندھ کی ٹیموں نے کامیابیاں حاصل کیں۔ آرگنائزر محمد رمضان جمالی کے مطابق کھیلے گئے پہلے میچ میں نیشنل بینک آف پاکستان نے فوجی فرٹیلائیزر کمپنی کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرادیا، نیشنل بینک کی جانب سے فیصل قادر، ابوبکر نے ایک، ایک گول جبکہ ایف ایف سی کا واحد گول وسیم اکرم نے کیا۔ دوسرے میچ میں فاٹا نے اسلام آباد کو 3-0 سے شکست دی۔ فاٹا کی جانب سے یار جمال نے 2، عبدل اور حنیف نے ایک ، ایک گول اسکور کیا۔سندھ نے بلوچستان کو 4-1 سے شکست دی۔ سندھ کی جانب سے کپتان عامر ، یاسر، اسماعیل اور عبداللہ نے ایک، ایک گول بنایا جبکہ بلوچستان کی جانب سے واحد گول محمد اسلم نے کیا۔ چوتھے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے پاکستان ریلوے کو 4-0 سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کیلئے ذیشان بخاری نے دو، مبشر اور عدیل لطیف نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پانچویں میچ میں ایف ایف سی نے پاکستان پولیس کو 2-1 سے شکست دی۔ فوجی فرٹیلائیزر کی جانب سے فیاض یعقوب اور وسیم اکرم نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے واحد گول محمد متین نے بنایا۔ چیمپئن شپ میں موجود اولمپئن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق جنرل سیکریٹری رانا مجاہد نے سکھر میں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بڑے مقابلوں سے سکھر سمیت گردونواح کے علاقوں میں ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔