• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحت خان چند ماہ میں ہی قومی ہاکی ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کے باعث ایک اور کوچ نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ پاکستان ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالے ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہوئے تھے کہ فرحت خان بھی اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کے باعث فیڈریشن نے جرمن کوچ کی خدمات ایک سال کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے نئے کوچ کے لیے غیر ملکی کوچ کا انتخاب زیر غور ہے اور اس کے لیے ایک جرمن کوچ سے رابطہ کیا گیا ہے، جلد ہی ان سے معاہدہ بھی کرلیا جائے گا اور ممکن ہے کہ وہ آئندہ ماہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ جرمنی کے سابق کپتان کرسچین بلانگ کو ایک سال کیلئےپاکستان ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا جارہا ہے۔ پیر کو ہونے والی اہم پیش رفت میں کوچ فرحت خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہیں چند ماہ قبل حنیف خان کی جگہ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ ماضی کے ہاف بیک فرحت خان کی کوچنگ میں ایشیا کپ میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی رہی اور ٹیم آسٹریلیا میں بھی تمام میچ ہار گئی جس کے بعد قومی ٹیم کی مینجمنٹ کو تبدیل کرنے کےلیے سخت دباؤ تھا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کوچ فرحت خان نے ذاتی مصروفیات کی بنا پر خود ہیاستعفیٰ دے دیا ہے ۔ فرحت خان کا کہنا ہےکہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر ہاکی ٹیم کی مزید کوچنگ نہیں کرسکتا، اپنے استعفے سے فیڈریشن کے صدر کو آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریش اس بارے میں براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کررہی ہے ۔
تازہ ترین