کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ میں پہنچنے والے قومی کھلاڑی فرحان زمان، ایم ایس کمال اور احسن ایاز شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل خواتین اسکواش چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کی رشائل گرنہام نے سنسی خیز مقابلے کے بعد ندائن شاہین کو شکست دیکر سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ہانگ کانگ کی اینی اے یو، مصر کی روان ایلاربے اور ملائشیا کی سیواسنگاری نے بھی سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔ مصحف علی میر اسکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے ویمن کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی رشائل گرنہام اور مصر کی ندائن شاہین کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا جس میں ندائن شاہین کو 11-4، 9-11، 12-10 اور 11-7 سے شکست ہوئی ۔ ملائشیا کی سیواسنگاری نے مصر کی ہانیہ الحمامی کو 8-11، 14-12، 12-10 اور 11-9 سے، ہانگ کانگ کی اینی اے یو نے مصر کی حانہ موتاز کو 11-2، 11-2 اور 11-8 سے جبکہ مصر کی روان ایلاربے نے ہم وطن معیار ہانی کو 2-11،11-7 ،11-5 اور 11-3 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ مردوں کے مقابلوں میں مصر کے مروان الشوربگے نے پاکستان کے ایم ایس کمال کو 11-8، 11-7 اور 11-9 سے، مصر کے معازن ہاشم نے پاکستان کے فرحان زمان کو 11-9، 11-6 اور 11-6 سے، مصر کے زاہد محمد نے پاکستان کے احسن ایاز کو 7-11، 11-6، 11-4 اور 11-2 سے شکست دی۔