شکرگڑھ،پشاور ( نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومیں دھرنوں یا لانگ مارچ سے نہیں بنتیں ، معاشرے کے تمام طبقات کو قومی تعمیر کے عمل میں حصہ لینا ہو گا وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک کی ترقی کے لئے ٹھوس لائحہ عمل طے کریں،کچھ عناصر پاکستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھ سکتے زرداری کا خوفناک دور ابھی قوم نہیں بھولی ،عمران خان اس لئے سینٹ کے الیکشن نہیں چاہتے انہیں معلوم ہے کہ پختونخواہ کے نمائندے انکی مرضی سے ووٹ نہیں دیں گے، قائد اعظم کی شخصیت پاکستانیوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکرگڑھ میںایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا،احسن اقبال نے کہاکہ بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر پوری قوم عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت تمام پاکستانیوں کیلئے مشعل راہ ہے،ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہو گا کہ ہم نے قائد کے فرمودات پر کہاں تک عمل کیا قیام پاکستان کے مقاصد میں کہاں تک کامیاب ہوئے ۔علاوہ ازیں اسلامیہ کالج پشاورمیں بابائے قوم کے 142ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح ملک کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لئے تعلیم کے حصول کو بنیادی شرط سمجھتے تھے اورحکومت بھی اسی سوچ پر کارفرما ہے،تعلیم کے بغیر ترقی وخوشحالی ناممکن ہے اس لئے یونیورسٹیوں پر بھاری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردارسازی پربھی توجہ دیں، قائداعظم کےاسلامیہ کالج پشاور کے کئی دوروں سے ان کی تعلیم سے محبت کاپتہ چلتاہے ، احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے مسائل سول سیکرٹریٹس میں حل نہیں ہوں گے ان کا واحد حل تعلیمی اداروں کی جانب سے معیاری تعلیم کے فروغ اوربالخصوص تحقیق پرتوجہ دینا ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت کی انقلابی اور مربوط معاشی پالیسیوں کی بدولت پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا ہے۔ تقریب سےخیبرپختونخواکے گورنراقبال ظفرجھگڑا ، ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب احمد نے بھی خطاب کیا۔