• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل ٹائون پر حکمرانوں کو سزا نہیں ملی تو وہ بڑا قتل عام کرینگے، پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ جنگ)چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنا اچھا اقدام ہے وہ باہر نہیں جائیں گے تو ظالم جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ اے پی سی مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے بلائی جا رہی ہے تاکہ یہ انصاف ایک مثال بن جائے۔ اگر ماڈل ٹائون میں 14 بیگناہوں کے قتل عام پر حکمرانوں کو سزا نہ ملی تو وہ آئندہ اس سے بھی بڑے قتل عام کریں گے۔ وہ میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اورانہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جسے مسلم لیگ (ق) کے قائدین نے قبول کر لیا۔چوہدری پرویز الہی نے مزید کہا کہ پہلے دن سے لے کر کوئی ایسا موقع نہیں آیا جس میں ہم نے سانحہ ماڈل ٹائون پر بات نہ کی ہو۔ ہم نے ہر مرحلہ پر تحریک کا ساتھ دیا اور ان کے ساتھ اس سانحہ کو زندہ رکھا۔ انہوں نے جسٹس باقر نجفی رپورٹ کو کھولنے پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے رپورٹ کو چھپانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچنا چاہئے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی طرح چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بھی اداروں کے دورے کریں تاکہ حکمرانوں کی جانب سے عوام پر جو ظلم ڈھائے جا رہے ہیں ان کا مداوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی آپس میں کھیل کھیل رہے ہیں۔ پہلے وہ ہمارے خلاف گیم کرتے رہے ،یہ مکافات عمل ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کو ہم نے دعوت اس لیے نہیں دی کیونکہ ہم اس حکومت کو غیرآئینی سمجھتے ہیں۔ یہ بدمعاشی سے حکومت کر رہے ہیں۔ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے اے پی سی میں شرکت کیلئے فون کیا جس پر ان سے کہا گیا کہ اگر آپ شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں تو آپ کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔
تازہ ترین