• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مدت پوری کرے گی ، الیکشن وقت پر ہونگے،خورشید شاہ

سکھر/خیرپور/پنوعاقل(بیورورپورٹ/نامہ نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ 2018عام انتخابات کا سال ہے وزیراعظم کون بنے گا یہ فیصلہ ووٹرز کریں گے مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتیں مریم نوزابھی بچی ہیں، پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو کی صورت میں نوجوان لیڈر دیا ہے، مصطفی کمال پریشان بچہ ہے،سکھر کے سوئیٹ ہوم کے 5بچوں کی سالگرہ کی منعقدہ تقریب سے خطاب اور خیرپور کے مختصر دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، خورشید شاہ نے کہاکہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی الیکشن وقت پر ہونگے کسی ایم این اے اور ایم پی اے کے استعفوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ مریم نواز کا سیاسی مستقبل روشن نظر نہیں آرہا ان کا نام پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے طور پر لیا جا رہا ہے لیکن مریم نواز ابھی بچی ہیں وہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتیں میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے سوال پر سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ آنے والا وزیر اعظم کون ہوگا اس کا فیصلہ کسی ایک شخص کے ہاتھ میں نہیں ہے ووٹرز جس کو ووٹ دیں گے وہ ہی وزیر اعظم بنیں گے ۔سکھر بیورو کے مطابق خورشیدشاہ نے کہا کہ ملک کے حالات اچھے نہیں، امریکا کا لہجہ دھمکی آمیز ہے، اس معاملے کوہماری لیڈر شپ کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانا چاہیے، ہم ملک اور ریاست کی مضبوطی کے لئے سیاست کرتے ہیں، عمران خان کے پیچھے جو نوجوان ہیں وہ پریشان ہیں، جی ڈی اے جیسے الائنس بنتے رہے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں، وہ ایک ساتھ بیٹھ کر پھر بکھر جاتے ہیں۔ خورشید احمد شاہ نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو کے کیس میں مشرف کا نام ہے مگر عدالت نے چھوڑ رکھا ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے، جمہوری نظام کو چلنا چاہیے اور اسے مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے ہم سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سیاسی جماعت نے نہیں دیں، پیپلز پارٹی عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتی ہے، ہم نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی بلکہ عوام کی سیاست کی ہے۔ تقریب میں بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما زمرد خان نے بھی خطاب کیا۔پنو عاقل سے نامہ کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خور شید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے قائدین نے عوام کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں ان کی قربانی کی بدولت ملک میں جمہوریت قائم ہے شہید بینظیر بھٹو کی بر سی کے موقع پر بھر پور طریقے سے شرکت کی جائے گی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گایہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما ایڈووکیٹ غلام قادر شیخ کی رہائشگاہ پر کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ ،ڈاکٹر آفتاب حسین سومرو،گلزار احمد شیخ،ڈاکٹر بشیر میرانی و دیگر موجود تھے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خاطر جان قربان کر نے والی شہید بینظیر بھٹوکو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا جا ئے گاعوام کو چا ہئے کہ وہ برسی کے موقع پر بھرپور شرکت کریں دریں اثناء سیدخور شید احمدشا ہ ،صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور سندھ اسمبلی کے رکن سید اویس قادر شاہ ،ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین شبیر احمد شیخ کے فرزند سہیل شبیر اور فیصل شبیر کی دعوت ولیمہ میں شر کت کی۔
تازہ ترین