• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس عمل کرپشن سے پاک لوگوں کے اشتراک سےالیکشن لڑے گی، سراج الحق

لندن (جنگ نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے دینی جماعتوں اور نظریۂ پاکستان پر یقین رکھنے والے باکردار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو ساتھ ملا کر الیکشن لڑے گی۔ ہم ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی جدوجہد کر رہے ہیںسیکولر اور لبرل پارٹیوں نے پاکستان کی نظریاتی شناخت کو نقصان پہنچایا۔ لندن پہنچنےپر ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سامراجی قوتوں کی غلام اور اسٹیٹس کو کی حامی جماعتوں نے نظیریہ پاکستان کو پس پشت ڈال کر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ۔قوم نے جس عظیم مقصد کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر کے پاکستان حاصل کیاتھا ،ان قربانیوں کو ضائع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی کا تقاضا کرتاہے مگر حکمرانوں نے ہمیشہ غیر آئینی ہتھکنڈوں سے جمہوریت کے نام پر شخصی آمریت مسلط رکھی۔ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ایم ایم اے ملک کی دیگر دینی جماعتوں، دیانتدار اور نظریہ پاکستان پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والوں کو ساتھ ملا کر الیکشن لڑے گی۔ ۔خیبر پختونخوا میں اتحادی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال کا جواب صوبہ کے عوام بہتر دے سکتے ہیں۔ ہم نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے ملک کو مایوسی، محرومی اور غربت و جہالت کے جس اندھے غار میں دھکیل دیا ہے، اس سے نجات کیلئے ایم ایم اے 2002ء کی طرح ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ عمران خان اور طاہر القادری کی حکومت مخالف مشترکہ تحریک کا ساتھ دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن شہدا ءکے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سب سے پہلے آواز ہم نے اٹھائی۔ قاتل کوئی وزیر ہو یا وزیراعلیٰ، اسے جرم کی سزاضرور ملنی چاہیے۔ہمارا یہ مطالبہ کسی سیاسی مقصد کے لئے نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر تھا۔
تازہ ترین