بلیک برن (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل بلیک برن کے چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ دس سال کے بعد بھی بے نظیر بھٹو کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، پانچ سال آصف علی زرداری ملک کے صدر رہے، مگر کسی نے کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا، ہر سال بے نظیر کے قتل پر آنسو تو بہائے جاتے ہیں مگر یہ قتل جو دن دیہاڑے ہوئے جس جگہ پر صرف پیپلز پارٹی کے چند لوگ اور ان کی اپنی سیکورٹی تھی قاتل داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوگئے۔ یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری عملی سیاست میں قدم رکھ چکے، عوام کے ساتھ وعدے کررہے ہیں کہ انہیں روٹی، کپڑا، مکان، سیاسی، معاشی انصاف دیں گے مگر اپنی والدہ کے لیے ابھی تک انصاف حاصل کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا وہ پوری قوم کو کیا حقوق دیں گے، اب اس طرح لوگوں کو فریب نہیں دیا جاسکتا۔ خالد محمد نے کہا ہے سندھ کے وڈیروں کے علاقوں میں غریب عوام کے ساتھ جو جرم ہورہا ہے وہ ظلم اور جبر کی داستانیں میڈیا میں ہر روز آرہی ہیں۔ ان کے لیے کوئی انصاف نہیں ہے، ساری پارٹی بھٹو اور زرداری خادان کے اردگرد گھوم رہی ہے اور بڑے بڑے لیڈران ان کے سامنے بے بس اور خاموش ہیں۔