• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران دعا لینے گئے تھے آنکھیں نیچے کرکے بیٹھتے، رانا ثناء اللہ

Todays Print

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایک بے شرم انسان اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے اور ترقی دینے والے درمیان مقابلہ ہو گا، اب کوئی نامعلوم ہاتھ خفیہ کام نہیں کرسکے گا، عمران خان دعا لینے گئے تھے آنکھیں نیچے کرکے بیٹھتے ، اسے صادق اور امین کہا گیا ، ذرا دیکھیں کیسا صادق اور امین ہے ، ایسا آدمی پاکستان کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں 7کروڑ20لاکھ سے قائم ہونے والے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے میں شائد کوئی مجبوری تھی ، اب ان لوگوں سے پوچھتا ہوں ایسا شخص کیسے صادق اور امین بنا ۔ ایسے کرتوت والا شخص پاکستان کا وزیر اعظم بننا چاہتا جسے کوئی گھر کا چوکیدار نہ رکھنا پسند نہ کرے ۔ شیخ رشید اور بھینسا نما شخص کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پوری عوام سے کہتا ہوں ایسے شخص سے حساب لیں ۔ ووٹ کا حقدار تو دور کی بات ایسے شخص کو گھر میں گھسنے نہیں دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ سے محاذ آرائی نہیں چاہتے،عدالتی فیصلہ تسلیم نہ کرنا محاذ آرائی نہیں ہوتی،فیصلے کے کسی نکتے پر اعتراض کرنا محاذ آرائی نہیں ہے۔ظلم ہوگا تو حق کی آواز بلندکرتے رہیں گے۔آج پھر جمہوریت کو غیر مستحکم قرار دے کر کرپشن اور احتساب کی وہی باتیں کی جارہی ہیں جب بار ہ اکتوبر 1999ء کو ملک ایشین ٹائیگر بن رہا تھا اور سازش ہوئی تھی۔ 2013ء میں پاکستان ڈیفالٹ کرنے جا رہا تھا۔ 18,18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی ، روز بم دھماکے ہو رہے تھے ۔ساڑھے چار سال میں لانگ مارچ، دھرنوں اور لاک ڈاؤن جیسے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، لوڈشیڈنگ کے اندھیر ے ختم کئے۔ ملک سے 70فیصد تک دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔ جب معاملات چل رہے تھے تو پھر بارہ اکتوبر کی طرح اٹھائیس جولائی لے آئے۔ ایسے وقت میں پروپیگنڈا کیا کہ ملک کو لوٹ لیا گیامگر پانچ سالوں میں پانچ ہزار ارب کے منصوبوں کے ایم یو سائن ہوئے کسی منصوبے میں کرپشن نہ لا سکے ۔ کہا گیا میٹرو لاہور ملتان میں کرپشن ہوئی ،، سارا ریکارڈ پیش کردیا مگر کچھ نہیں ملا۔ جے آئی ٹی کے ہیروں نے دو ماہ دوڑ لگائی اور پلندے لے آئے مگر کچھ نہ ملا تو تنخواہ نہ لینے پرنا اہل کر دیا گیا۔ نواز شریف کے خلاف جتنے ریفرنس چل رہے ہیں کسی ایک میں ایک بھی کرپشن کی گواہی نہیں ہے۔ جہانگیر کو نااہل کیا گیا تاکہ معاملہ برابر ہو ۔ ایک شخص جو کہتا ہے کہ آف شور کمپنی میری ہے ، میں مالک ہوں مگر اسے کہا گیا یہ کمپنی تمھاری نہیں اور اسے اہل قرار دے دیا گیا۔ مگر لوگ نہیں بھولتے ۔۔ انہوں نے کہا کہ آج کل بابا رحمتا بھی پینے کے پانی کیلیے کافی متحرک ہے ،فیصل آباد میں پینے کے پانی کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے،منصوبے مکمل ہونے سے پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

تازہ ترین