• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے اور نظا م ٹھیک کیا ، دین اسلام کی خدمت کی ، پرویز خٹک

پشاور(نمائندہ جنگ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے چار سال تک اداروں اور نظام کو ٹھیک کیا، دین اسلام کی خدمت کی ، صوبہ میں جہیز اور سود پر پابندی لگائی ، مساجد آ ئمہ کرام کیلئے ماہانہ 10ہزارروپے وظیفہ مقرر کیا، بلاتعطل بجلی کی مفت فراہمی کیلئے مساجد کی سولرائزیشن کررہے ہیں، تحریک انصاف حکومت اسلام کی خدمت اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، پشاور میٹرو ( بس ریپڈ ٹرانزٹ) منصوبہ میں کرپشن کے الزامات جھوٹ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرجمعیت علمائے اسلام(س) کے امیر مولانا سمیع الحق اور پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جب تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو ادارے تباہی سے دو چار تھے، ہم نے ساڑھے چار سالوں میں گزشتہ 70 سال سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کرکے ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا،اے این پی نے پختونوں کے نام پر حکومت بنائی مگر عملی طور پر پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی اور دیگر روایتی سیاسی جماعتوں میں فرق یہی ہے کہ ہم نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی ،موجودہ صوبائی حکومت نے اداروں کو نئے خطوط پر استوار کیا اور سیاسی مداخلت ختم کرکے عوام کی خدمت پر لگایا،یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا ، اے این پی ، ایم ایم اے اور دیگر روایتی سیاسی جماعتیں اب عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں ،تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی ، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کیساتھ دین اسلام کی خدمت کو بھی ترجیح دی ، تعلیمی اداروں میں ناظرہ اور ترجمہ قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیا۔
تازہ ترین