کراچی(اسٹاف رپورٹر) اگلے چار سال کی مدت کے لئے پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے انتخابات اتوار کو متنازع انداز میں مکمل ہوگئے، الیکشن کمشنر یونس رضوانی نے بلوچستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے انتخابات کے حوالے سے پی او اے کو بھیجے گئے سرٹیفکٹ کو قبول نہ کئے جانے کی وجہ سے ان کے نمائندوں کو حق رائے دہی کے استعمال کا حق نہیں دیا جس پر کے پی کے ایسوسی ایشن نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کردیا ۔ دریں اثنا انتخابات میں موجودہ صدر ایس ایم سبطین ایک بار پھر صدر منتخب ہوگئے، پنجاب کے احمر ملک سکریٹری، توقیر مہاجر خزانچی منتخب ہوئے،ثقلین ظہور ڈپٹی صدر، عاصمہ نجیب نائب صدر، صوبائی نائب صدور کے لئے شہزاد اسلم، عرفان اللہ خان اور سندھ کے سلیم احمد کا انتخاب کیا گیا۔