پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 20 چکوال پرضمنی انتخابات میں حکمران جماعت ن لیگ کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان کو برتری حاصل ہوگئی ہے ۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 227 میں سے186 پولنگ اسٹیشنز سے ن لیگ کے چوہدری حیدر سلطان نے 63ہزار 753ووٹ حاصل کرکے اپنے مقابل پی ٹی آئی امیدوار راجہ طارق افضل سے آگے ہیں ۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار نے 38ہزار 90ووٹ حاصل کرلئے ہیں جبکہ 41 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہیں ، لیکن دونوں امیدواروں کے درمیان 25ہزارسے زائد ووٹوں کا فرق ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ناصر عباس 11ہزار 500 سے ووٹ لے کر تیسرے نمبر پرہیں ۔
ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا ،اس دوران الیکشن کمیشن کی طرف سے ن لیگ کے امیدوار چوہدری سلطان حیدر پر انتخابی اخلاق کی خلاف ورزی پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوہدری سلطان حیدر پر جرمانہ 4جنوری کو ارکان اسمبلی کی موجودگی میں جلسہ کرنے پر کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے ن لیگ کے امیدوار پر جرمانہ عائد کیا، 7 دسمبر 2017 کو تمام امیدواروں نے مانیٹرنگ افسر کو ضابطہ اخلاق پر عملدرامد کی یقین دہانی کرائی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی انتخابی مہم میں شرکت نہیں کر سکتے۔