• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک سے ملکی اور بین الاقوامی سطح کےپانچ فٹبالرز فارغ

K Electric Fired Five National And International Level Footballers

کے الیکٹرک نے تین انٹرنیشنل اور دو نیشنل کھلاڑیوں سمیت پانچ فٹ بالر زکو فارغ کردیا ہے، کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے فیصلے کے مطابق 15 سے 19 سال خدمات انجام دینے والے یہ پانچوں کھلاڑی فارغ ہیں اور کہیں اور جا کر اپنا روزگار تلاش کریں۔

فارغ کئے گئے کھلاڑیوں میں انٹرنیشنل فٹبالر عبدالغفور، احمد لال، سہیل نواز اورقومی کھلاڑیوں محمد زاہد محمد سہیل اسحاق شامل ہیں۔ جنگ نے جب موقف جاننے کیلئے کے الیکٹرک کے اسپورٹس انچارج ریاض محمود سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ ہر کھلاڑی کو ایک ایک سال کا کنٹریکٹ دیتی ہے ہمارے یہاں ریگولر سسٹم کے تحت ملازمتیں نہیں ہیں۔

جب کھلاڑی اچھا پرفارم کرتے ہیں تو انہیں اگلے سال کا کنٹریکٹ دیا جاتا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو گزشتہ سال فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ہم نے انھیں ایک ایک سال کا وقت دیا اور اپنی پرفارمنس بہتر بنانے کا موقع بھی دیا لیکن اب نئ ٹیم میں نیا خون شامل کرنا ہے جس کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ہماری ٹیم کے بہترین کھلاڑی صدام اور محمود کو بھی دوسری ٹیموں نے لے لیا اس لئے ضرورت ہے کہ ہم بھی نئے کھلاڑی تلاش کریں۔ ادارہ چالیس پچاس کھلاڑیوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا۔ دوسری جانب کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے انتہائی ظالمانہ اقدام کرتے ہوئے ہماری طویل خدمات کو یکسر فراموش کرتے ہوئے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ ظلم ہے۔

ہم نے عالمی اور قومی سطح پر خدمات انجام دی ہیں اس کا ادارے کو ادراک کرتے ہوئے دوسری جگہ کھپانا چاہئے تھا۔ ہمارے بچوں کا گزارہ کیسے ہوگا یہ ادارے کو سوچنا چاہئے۔

دیریں اثنا سندھ فٹ بال کے سیکرٹری رحیم بخش بلوچ نے جنگ سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کسی بھی ادارے سے فٹ بالر کی برطرفی قبول نہیں کی جائے گی اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گااور صدر سید خادم علی شاہ اور پی ایف ایف سے بات چیت کے بعد اپنا لائحہ عمل طے کریں گے اور پورے سندھ میںاس کے خلاف سخت احتجاج کا پروگرام بھی بنائیں گے۔

تازہ ترین