• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ہری پور جلسے میں حکومت کیخلاف ہونیوالی نئی سازشوں سے پردہ اٹھائینگے

اسلام آباد(محمد صالح ظافر)حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف 20جنوری کو ہری پور میں ہونے والے جلسے میں حکومت اور اپنی جماعت کے خلاف ہونے والی نئی سازشوں سے پردہ اٹھائیں گے۔خیبر پختونخوا میں تحریک عدل کے آغاز کے بعد یہ نواز شریف کا دوسرا عوامی جلسہ ہوگا۔اس حوالے سے وزیر مملکت بیرسٹر شاہ نواز رانجھا، ارکان قومی اسمبلی کیپٹن محمد صفدر اور بابر نواز خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ن لیگ کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ مریم نواز بھی عوامی جلسے سے خطاب کریں گی کیوں کہ ان کی شادی اسی علاقے میںہوئی تھی۔یہ دوسرا موقع ہوگا جب وہ اپنے والد کے ساتھ عوامی جلسے میں شرکت کریں گی ۔نواز شریف نے گزشتہ ماہ ایبٹ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا۔اس موقع پر ن لیگ کی مرکزی قیادت کے کچھ رہنما، جن میں خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور سینیٹر آصف سعید کرمانی ، وزیر اعظم کے مشیران سردار مہتاب احمد خان اور انجینئر امیر مقام خان بھی خطاب کریں گے ۔ذرائع کے مطابق، ہری پور جلسے میں نوا ز شریف تحریک عدل کے شیڈول کا بھی اعلان کریں گے۔
تازہ ترین