• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ہاکی اولمپئنز یک زبان،پی ایچ ایف میں تبدیلی کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق اولمپئنز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف یک زبان ہوکر پھٹ پڑے، سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔لاس اینجلس اولمپکس 1984 کی فاتح ٹیم کے کپتان منظور جونیئر اولمپئن سلیم ناظم، اولمپئن خواجہ جنید، کرنل محسن، اسسٹنٹ سیکریٹری پی ایچ ایف اولمپئن خالد بشیر اور قومی ٹیم کے سابق ٹیم منیجر کرنل ( ر ) محسن نے کہا ہے کہ سیکریٹری فیڈریشن شہباز سینئر مبینہ کرپشن، مالی خوردبرد، من مانیوں اور اقربا پروری کے الزامات پر مستعفی ہوجائیں۔ منظورجونیئر نے چیف سلیکٹر سے چیف کوچ بننے والے حسن سردار اور چیف سلیکٹر اصلاح الدین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اس وقت مختلف تجربات کر رہی ہے اور ہمارے کچھ سابق کھلاڑی غیر ملکی دوروں کے مزے لینے کے لیے ہر وقت تیار بیٹھے رہتے ہیں۔ کسی بہتر شخص کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر اور سیکریٹری بنایا جانا چاہیے۔ سابق قومی ہیڈکوچ خواجہ جنید نے کہا کہ شہباز سینئر کے پاس ہاکی کی بہتری کا کوئی پلان نہیں، وہ سیاست کے سوا اورکچھ نہیں کر رہے، وہ جز وقتی کوچ کے تقرر سے وقت گزارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اولمپئن سلیم ناظم نے کہا کہ فیڈریشن کا کانگریس اجلاس بے سود تھا۔ اولمپئن خالد بشیر نے کہا کہ شہباز سینئر مستعفی ہوجائیں، غیر ملکی کوچ کی مخالفت نہیں کرتے لیکن اس آڑ میں شہباز اپنے غیرملکی دوست کو قومی ٹیم کا کوچ بنانا چاہتے ہیں جس کا اس فیلڈ میں کوئی تجربہ نہیں۔
تازہ ترین