اسلام آباد (خبرایجنسی)کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک تازہ کتاب میں پہلی مرتبہ تسلیم کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو پر 2007میں حملہ طالبان نے کیا تھا، بے نظیر کا قاتل اب بھی زندہ ہے،قتل کیلئے2افراد بھیجے، سعید نےفائرنگ ودھماکہ کیا، اکرام بھاگ گیا، بے نظیر 27دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں ایک جلسے سے خطاب کے بعد فائرنگ اور خود کش حملے میں جاں بحق ہوگئی تھیں، اس وقت پرویز مشرف کی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ بیت اللہ محسود کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا تھا لیکن طالبان نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی ،اب طالبان نے اپنی ایک کتاب میں اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ’’انقلاب محسود فرنگی راج سے امریکی سامراج تک‘‘ نامی کتاب میں کہا گیا کہ بلال نامی ایک شدت پسند جس کو سعید کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور دوسرے شدت پسند اکرام اللہ کو بے نظیر بھٹو پر حملے کیلئے بھیجا گیا تھا، سعید نے پہلے بے نظیر پر فائرنگ کی جس سے ان کو گلے میں گولی لگی اور بعد میں اپنے جسم سے نصب بم سے دھماکہ کیا ،اکرام اللہ حملے کے بعد وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوگیا اور وہ اب بھی زندہ ہے۔ کتاب ابو منصور عاصم مفتی نور ولی نے لکھی ہے جس کے بارے میں طالبان کے ایک رہنما نے بتایا کہ وہ کالعدم طالبان تحریک کے سربراہ بیت اللہ محسود کے معتمد ساتھیوں میں سے تھے، 588 صفحات پر مشتمل کتاب کو افغانستان کے صوبے پکتیکا کے برمل کے علاقے میں چھاپا گیا ، پاکستانی سیکورٹی ذرائع کی طرف سے اکثر یہ موقف سامنے آیا کہ محسود طالبان پکتیکا اور پکتیا صوبوں میں موجود ہیں،کتاب میں یہ بھی کہا گیا کہ اکتوبر 2007میں کراچی میں بے نظیر بھٹو کے جلسے میں خود کش حملے بھی طالبان کے شدت پسندوں نے کئے تھے جس میں 140کے لگ بھگ لوگ جاں بحق ہوئے تھے ۔ کتاب کے مطابق دو حملہ آوروں نے منصوبہ سازوں کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس کے اندر دھماکے کئے حالانکہ ان کو اسٹیج کے قریب رہنے کا کہا گیا تھا ،حملوں میں بے نظیر بھٹو محفوظ رہی تھی، کتاب میں کہا گیا کہ 3دن بعد لاڑکانہ میں بھی حملے کا پروگرام بنایا گیا تھا لیکن طالبان میں موجود ایک جاسوس نے پولیس کو معلومات فراہم کیں جس کی وجہ سے منصوبہ ناکام ہوگیا تھا۔کتاب میں کہا گیا کہ بے نظیر کو مشرف حکومت نے کراچی حملوں کے باوجود مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی تھی اس وجہ سے طالبان حملہ آوروں کو آسانی سے بے نظیر تک رسائی ممکن ہوگئی تھی۔کتاب کے مطابق طالبان تحریک کے بانی بیت اللہ محسود نے بے نظیر بھٹوکے قتل کی منظوری دی تھی کیونکہ طالبان رہنماؤں کا خیال تھا کہ بے نظیر کو امریکا نے ایک منصوبے کے تحت شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے پاکستان بھیجا ہے۔طالبان کے ایک سابق رہنما کے مطابق کتاب میں اکثر معلومات درست ہیں اور مصنف بیت اللہ محسود کے قریبی دوست تھے۔