پشاور (سٹی رپورٹر) فاطمید فائونڈیشن پشاور کے زیر اہتمام پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس کے جوانوں سمیت افسران بالا نے بھی تھیلی سیمیا و ہیمو فیلیا ء اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے 100سے زائد خون کے عطیات دئیے کیمپ کے انعقاد میں ڈپٹی کمانڈنٹ میاں نصیب جان ‘ ایڈ من ایس پی پیر محسن شاہ‘ پولیس انسٹرکٹر زو دیگر سٹاف نے بھر پور تعاون کیا اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ میاں نصیب جان نے پولیس جوانوںکو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ہر تین ماہ بعد خون کا عطیہ دینا انسانی جسم کیلئے بہت مفید ہے اس سے جسم میں پوشیدہ بیماریوں کا بر وقت تعین ہو سکتا ہے ‘ انہوں نے فاطمید فائونڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ادارہ تھیلی سیمیا کے مریضوں کو بہترین علاج فراہم کر رہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔دریں اثناء فاطمید فائونڈیشن پشاور کے ایڈ منسٹریٹر کرنل (ر) افضل حسن خان اور آر ایم او سردار اخلاق حسین نے کیمپ کے انعقاد پر تمام سٹاف کا شکریہ ادا کیا اورا مید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح اس کارخیر میں ہمارا ساتھ دیںگے۔