تہران /اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پاکستان القدس الشریف کے بارے میں حالیہ امریکی اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے اس فیصلے کے ذریعے امریکہ نے القدس الشریف کی تاریخ اور قانونی حیثیت کی دھجیاں اڑا کر نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ میاں رضاربانی نے ان خیالات کا اظہار تہران میں منعقدہ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے13 ویں سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کے حوالے سے قرار داد کی حمایت کی وجہ سے پاکستان پر امریکی دبائو بڑھ گیا ہے اور مسلم امہ کو اس بات کا احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی منظر نامے پر تیزی سے بدلتی صورتحال میں امریکی ، اسرائیلی اور بھارتی گٹھ جوڑ ابھرتا ہوا نظر آرہا ہے اور مسلم دنیا کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا کیونکہ اگر آج پاکستان اور ایران زیر عتاب ہیں تو کل کسی اور اسلامی ملک کی باری ہوگی۔