ہیلی فیکس (زاہد مرزا) جہلم فورم یارکشائر چیپٹر کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کروں گا اور جہلم کی کمیونٹی کو بریڈ فورڈ اور یارکشائر کے دیگر علاقوں سے اس پلیٹ فارم پر جمع کروں گا، ان خیالات کا اظہار ہیلی فیکس سے تعلق رکھنے والی سماجی اور بزنس کمیونٹی کی جانی مانی شخصیت بابر خان آف رانجھا میرا نے جہلم فورم مانچسٹر برانچ کے عہدیداران اور بانی ممبران سے ملاقات میں کیا۔ بابر خان نے آئندہ دو ماہ میں یارکشائر سے جہلم سے تعلق رکھنے والی تمام کمیونٹی سے رابطہ اور تنظیم کے اغراض و مقاصد کو پہنچانے کا ذمہ بھی لیا۔ ممبر سازی کی مہم کے بعد باقاعدہ الیکشن کے ذریعہ یارکشائر چیپٹر کے عہدیداران کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس موقع پر جہلم فورم مانچسٹر برانچ کے صدر چوہدری انور یعقوب کا کہنا تھا کہ جہلم فورم ذات برادری یا سیاست سے بالاتر خالصتاً خدمت کے جذبے سے بنائی گئی تنظیم ہے جس کا مقصد صرف اور صرف خدمت ہے۔ جہلم فورم کے بانی الیاس گوندل کا کہنا تھا کہ مانچسٹر کی طرز پر برطانیہ بھر میں اور دیگر ممالک میں چیپٹر بنائیں گے تاکہ اس تنظیم کو گراس روٹ لیول تک لیجایا جا سکے۔ اس موقع پر بابر خاں نے جہلم سے تعلق رکھنے والی مقامی کمیونٹی کو بھی جمع کیا تھا۔ جنھیں جہلم فورم کے اغراض و مقاصد، آئین پراجیکٹس اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری سردار، چوہدری عثمان، چوھدری عرفان، چوہدری ممتاز حسین، چوہدری امجد زمان، امجد راشد، الیکشن کمیشن کے ممبر چوہدری عبدالرفیق، فاؤنڈنگ ممبر شہزاد مرزا، نائب صدر مقدسہ بانو، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری رضوان مظفر بھی موجود تھے۔