اسلام آباد(جنگ رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے پریس ایسو سی ایشن آف سپریم کورٹ کو کشادہ آفس فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے رپورٹروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، فاضل چیف جسٹس نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ کی عمارت میں واقع پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے دفتر کا دورہ کیاا ور ممبران سے ملاقات کی۔اس موقع پرانہوںنے کہا آپ لوگوں کے لئے یہ دفتر بہت چھوٹا ہے ، میں نے آپ لوگوں کے لئے کشادہ کمرہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے وائی فائی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرنے کی استدعا کی گئی جس پر انہوںنے فوری طور پر ایڈیشنل رجسٹرار کو وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو نیا کمرہ مکمل تزئین و آرائش کے ساتھ فراہم کیا جائے ، انہوںنے صحافیوں کو مزید سہولیات بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔