لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مقامی شہری مرزا محمد صادق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے اعلان کے باوجود استعفی نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ شیخ رشید نے اپوزیشن کے جلسے میں استعفی ٰدینے کا اعلان کیا لیکن اب استعفی دینے سے انکار کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے استعفی دینے کے بارے میں عوام سے جھوٹ بولا اور اب وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست گزار کے مطابق غلط بیانی پر شیخ رشید آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترے اس لیے شیخ رشید کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا جائے۔