اسلام آباد(صباح نیوز، جنگ نیوز)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کی،تاہم جمہوریت کے لبادے میں سینیٹ اراکین کی خرید و فروخت کا گھنائونا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، وہ اپنی ہمشیرہ کو چیئرمین سینٹ بنوا کر نظام پر مسلط رہنا چاہتے ہیں، سینٹ کنٹرول کرنے کے لیے آصف زرداری ہر جماعت کے ممبران کو خریدنے کی سازش کر رہے ہیں، عمران خان بھی ڈریں ان کے ارکان بھی سودے بازی کے نشانے پر ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آصف زرداری کی بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سے ملاقات سینٹ الیکشن میں شرمناک ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہے، بلوچستان میں تبدیلی درحقیقت جمہوریت کے غلاف میں لپٹی خرید وفروخت ہے، آصف زرداری نے بلوچستان سے سینیٹ نشستیں لینے کیلئے جمہوریت دشمن سوچ کا ساتھ دیا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بھٹو کی پیپلز پارٹی کو بازار بنائے رکھا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جمہوری قوتیں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں گی تاہم تحریک انصاف خبردار رہے کیونکہ ان کے ممبران بھی آصف زرداری کی سودے بازی کے نشانہ پر ہیں، آصف زرداری کی کرپٹ سوچ نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ گالیاں دو الزام لگا ئو یا سازش کرو تمھیں شرمناک جمہوریت کا دور واپس نہیں لانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کی کوئی نشست نہیں، قیوم سومرو کٹھ پتلی حکومت بنانے کے گھنا ئو نے کھیل کا حصہ بنے رہے جب کہ پچھلے سینٹ الیکشن میں بھی آصف زرداری نے خرید و فروخت کی کوشش کی مگر زیادہ کامیابی نہیں ملی۔