پشاور( خصوصی نامہ نگار)آل پاکستان انٹر یونیورسٹی فٹ بال چیمپئن شپ پشاور یونیورسٹی میں شروع ہوگئی وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے افتتاح کیا ، ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم ‘سابق کوچز قومی ٹیم اختر محی الدین ‘مسعود کاسی ‘صدر پیوٹا ڈاکٹر عارف ‘سیکرٹری ڈاکٹر سلیمان خان بھی موجودتھے۔ چیمپئن شپ میں 19 یونیورسٹیوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونیوالے مقابلے پشاور یونیورسٹی کیمپس‘اسلامیہ کالج اور اسلامیہ کالجیٹ گرائونڈزپر کھیلے جارہے ہیں ‘پہلے میچ میں لیڈز یونیورسٹی لاہور نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کو پینلٹی شوٹس پر پانچ کے مقابلے میں چھ گول سےہرایا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے یونیورسٹی آف سندھ جامشورو کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی ‘مراد علی ‘شہزاد اور افضل اقبال نے گول سکور کئے‘ یونیورسٹی آف سرگودھا نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا،تیمور ‘بابر اور یوسف نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ اجمل نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کی طرف سے واحد گول سکور کیا۔ یونیورسٹی آف ملاکنڈ نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کو پینلٹی شوٹ آئوٹ پرشکست دی ‘یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے کامسیٹس اسلام آباد کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی ‘اسلامیہ کالج پشاور نے لسبیلہ یونیورسٹی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ، ایس یو آئی ٹی پشاور نے جی سی یو فیصل آباد کو پینلٹی شوٹس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے جبکہ سرگودھا یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف ملاکنڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔