• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال ورلڈ کپ ٹرافی آج لاہو ر پہنچے گی

روس میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ورلڈ کپ 2018کی آفیشل ٹرافی لاہور بھی لائی جائے گی، جو آج خصوصی طیارے سے صبح گیارہ بجے پہنچے گی۔

فیفاکی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی کے ورلڈ ٹور کے دوران لندن، کولمبو، مالے، پھوکٹ اور مکاؤ سے ہوتے ہوئے آج یعنی 3 فروری کوفٹ بال ٹرافی ایک روزکے لیے لاہور لائی جارہی ہے، جس کے بعد یہ اپناسفر جاری رکھتے ہوئے دوسرے ممالک کا رُخ کر لے گی۔

فیفا ورلڈکپ ٹرافی پہلی مرتبہ 1974 میں متعارف کرائی گئی تھی، 18 قیراط سونے سے تیار کردہ ٹرافی کی لمبائی 36عشاریہ8 سینٹی میٹر اور اس کا وزن 6عشاریہ1 کلو گرام ہے۔

ورلڈ کپ 2018میں شرکت کے لیے تمام 32 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا ہے ، فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ترجیحی بنیادوں پر مشتمل چار درجات کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پہلے درجے میں میزبان ملک روس ٹاپ سیڈ ہے۔

عالمی کپ کا ابتدائی میچ 14 جون 2018 کو ممکنہ طور پر روس اور جرمنی کے درمیان کے ماسکو کے لزہنیکی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی 15 جولائی 2018 کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ4 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم 60 برس بعد آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی اور0-1 کی مجموعی برتری کی بدولت سوئیڈن نے ورلڈ کپ فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

تازہ ترین