گوجرانوالہ (ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ منصوبہ سازوں نے سوچ رکھاتھاکہ نوازشریف چھپ جائے گااورمسلم لیگ (ن) ٹوٹ جائے گی مگر پارٹی ٹوٹی نہ نوازشریف کے خلاف گواہ ملے ‘ اب توہین عدالت کے نوٹس جاری کرنا شروع کردیئے گئے ہیں ‘کسی عدالت میں اتنی ہمت ہے کہ چیف جسٹس کے بالوں کو کھینچنے والے اور ججوں کے بچوں کو گھروں میں نظر بند کرنے والے مشرف کوسزا دے ‘عمران نے عدلیہ کیخلاف شرمناک جیسے الفاظ ادا کئے ، کسی عدالت میں اتنی ہمت ہے جو اسے پانچ سال کی نا اہلی کی سزا سنائے۔کس کس کو نا اہل کرو گے ؟ہر گھر میں نواز شریف بستا ہے،جیلیں بھر جائیں گی مگر نواز شریف کے وفادار ختم نہیں ہوں گے‘جب انصاف کا ترازو لاڈلے کی طرف جھکا ہوگا تو سوال تو پوچھیں گے ۔توہین عدالت کی سزا ہے ، کیا کروڑوں ووٹ لیکر منتخب ہونیوالے وزیراعظم کی توہین کی کوئی سزا نہیں؟۔ گوجرانوالہ میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیسے جیسے سینیٹ انتخابات اور عام انتخابات قریب آرہے ہیں رونے والوں کی آوازیں تیز ہوتی جارہی ہیں‘کہتے ہیں کہ نواز شریف نا اہل ہوگیا ہے یہ کیسی نا اہلی ہے کہ نواز شریف جہاں جہاں جاتا ہے پورا کا پورا شہر امڈ آتا ہے‘ایبٹ آباد سے کوئٹہ، ہری پور سے کوٹ مومن ، جڑانوالہ سے گوجرانوالہ تک نواز شریف ہی نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عدالت میں نواز شریف کے حق میں گواہی دینے والوں کیلئے میدان چھوٹے پڑ جاتے ہیں‘ نواز شریف کے شیروں نے مخالفین کو دھول چٹا دی ہے‘ منصوبہ سازوں نے کچھ اور ہی سوچ رکھا تھا‘ آپ نے ان کے سارے منصوبے فیل کردیئے ہیں‘ وہ امید لگا کر بیٹھے تھے کہ نواز شریف چھپ کر بیٹھ جائے گا ۔ مسلم لیگ (ن) ٹوٹ جائیگی۔ شریف فیملی بکھر جائیگی۔ نواز حکومت ختم ہو جائیگی‘ ٹیکنو کریٹ حکومت آ جائے گی ، سینیٹ اور عام انتخابات نہیں ہونگے مگر پورا پاکستان جاگ گیا ہے الحمد اللہ نواز شریف جیت چکا ہے‘تمام سازشوں کے باوجود نواز شریف نے دس ہزار میگا واٹ بجلی بنا لی۔ مخالفین پانچ سال بعد ایم او یو سائن کرتے نظر آرہے ہیں‘ مخالفین کو پتا ہے کہ ایم او یو سائن نہ کئے تو الیکشن میں کیا منہ لیکر عوام کے پاس جائینگے‘مخالفین سازشوں پر سازشیں کرتے رہے ، پانچ سال گزر گئے اب عوام کو حساب دینا پڑے گا ‘نواز شریف نے جب اٹک قلعہ میں قید کاٹی تو مشرف کہتا تھا اب نواز شریف کبھی واپس نہیں آئے گا ۔ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن گیا۔ میں پوچھتی ہوں آج مشرف کہاں ہے ؟۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ نواز شریف کو کچھ نہیں ہونے والا‘سازشوں کے ذریعے نواز شریف کے ساتھیوں کو توڑا نہ جاسکا۔ اقامہ بہانا تھا ۔اب ایک اور بہانہ ڈھونڈا ہے۔ توہین عدالت کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔کس کس کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجو گے؟ کس کس کو قید کرو گے؟مریم نواز نے کہاکہ توہین عدالت کی سزا ہے ۔ توہین دستور کی کوئی سزا نہیں۔ توہین آئین کی کوئی سزا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کی سزا تو ہے پارلیمنٹ کی توہین کی کوئی سزا نہیں۔ اگر آپ نے انصاف کا ترازو ایک طرف جھکا کر رکھنا ہے ، ناانصافی ہونی ہے تو اللہ کا اپنا نظام ہے وہ ترازو سیدھا کر دے گا۔