کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا دورہ ارجنٹائن مالی مشکلات کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے، سینئر ٹیم کے غیر ملکی کوچ کی تقرری کے لئے بات چیت جاری حتمی مراحل میں ہے۔ وہ جمعے کو کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم میں کے ایچ اے سکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے سابق اولمپئنز کی تنقید کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمیں اپنی خامیاں درست کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے اور پی ایچ ایف کے تعلقات میں تعطل غلط فہمی پر ہوا تھا جو اب بہتر ہوچکے ہیں۔ ہاکی لیگ کی حتمی تاریخ ابھی فائنل نہیں کی ہے، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز سمیت دیگر ایونٹ میں ٹیموں کو بھیجا جائے گا۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گراس روٹ لیول پر ہمارے وژن کے عین مطابق نہایت عمدگی سے عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد بھی موجود تھے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ کلب رجسٹریشن کے حوالے سے ایک سافٹ ویئر بھی ڈیزائن کیا ہے جو مرکزی سطح پر فیڈریشن کے نظام سے منسلک ہوگا۔ ہم ہر سطح پر فیڈریشن کے وژن کو آگے بڑھانے میں عمل کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب سے چیئرمین گلفراز احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر حنیف خان، افتخار سید، عرفان سینئر اور دیگر بھی موجود تھے۔