کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور ہائی کورٹ نے پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کو فیڈریشن کے ریکارڈ سمیت 6 فروری کو طلب کر لیا۔ خیبر پختونخواہ ہاکی ایسو سی ایشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے جسٹس روح الامین اور جسٹس محمد ایوب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کو 6 فروری کی طلبی کو نوٹس جاری کر دیا۔عدالت نے 4 جنوری کو اسلام آباد میں ہونیوالی پی ایچ ایف کانگرنس کے دوران ہونیوالے فیصلوں کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے ۔ اس ضمن میں پشاور ہائی کورٹ کے ڈپٹی اٹارنی جنرل اصغر خان کنڈی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نوا گنجیرا کو خط لکھا ہے جس میں انہیں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی ہے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کو 6 فروری کو طلب کر لیا گیا ہے ، وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو عدالت میں پیشی اور تمام ریکارد کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے پابند کریں۔