• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں والی بال میچ کے دوران خود کش حملہ، کیپٹن سمیت 11شہید

Todays Print

سوات(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل کبل میں پاکستان آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریامیں خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 11جوان شہیداور13زخمی ہوگئے ہیں ‘ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے‘صدرممنون ‘وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ وزیر داخلہ احسن اقبال‘ آصف علی زرداری ودیگرنے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور وزیراعظم نے کہاکہ بزدلانہ دہشتگردی کے خلاف ہمارا عزم متزلزل نہیں کرسکتے ۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ حملہ ہفتے کی شام کو منگورہ کے قریب واقع تحصیل کبل میں آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا‘جس وقت دھماکا ہوا اس وقت وہاں والی بال میچ کھیلا جا رہا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں کیپٹن جہاںزیب شہید اور کیپٹن عدیل زخمی ہوئے ہیں ۔ ایک سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر رائٹرزکوبتایاکہ فوجی جوان شام کو آرمی یونٹ کے باہروالی بال میچ کھیل رہے تھے کہ بمبارنے خودکودھماکے سے اڑادیا،میچ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعدادبھی وہاں موجود تھی جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔کبل پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ سیدو شریف منتقل کردیا گیا ہے ‘ دوسری جانب دھماکے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد سوات کے ضلعی اسپتال سیدو شریف میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں اور داخلی اور خارجی راستوں پرگاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کردیا ہے ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موقع پر پہنچ کر دھماکے کی جگہ اور اس کے اردگرد کے علاقے کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔صدرممنون ‘وزیراعظم شاہدخاقان عباسی ‘ عمران خان ‘آصف زرداری‘بلاول بھٹو‘نوازشریف ‘ مصطفیٰ کمال اورایم کیوایم رابطہ کمیٹی سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے آرمی اسپورٹس ایریامیں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔متاثرہ خاندانوں کے نام مذمتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بزدل دہشت گرد ہمارے بہادر جوانوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کو ختم کرنے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے‘ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

تازہ ترین