اسلام آباد، چترال (نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی جمہوریت سے وابستہ ہے ، ملک درست سمت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، جمہوری عمل کے تسلسل سے ملکی ترقی وخوشحالی میں مزید اضافہ ہوگا، عوام نے جولائی کے انتخابات میں دوبارہ فیصلہ کرنا ہے، آپ کے درست فیصلہ کی صورت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہیگا، جمہوری عمل کے تسلسل سے اس میں مزید اضافہ ہوگا، گولن گول بھٹو دور کا دیرینہ منصوبہ تھا جسے ہم نے آکر مکمل کیا ہے، تختیاں لگانے اور کام کرنے والی حکومتوں میں یہی فرق ہوتا ہے ،گولن گول منصوبے سے چترال میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوگااس منصوبے سے قومی خزانے کو سالانہ 3کروڑ70لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا۔چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، حکومت گیس بھی مہیا کریگی، اربوں روپے سے سڑکیں بن رہی ہیں، گلگت سے چترال اور اس سے آگے سڑک بنا رہے ہیں، چترال سے دیگر علاقوں کا رابطہ قائم ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ گولن گول منصوبے کے تحت 36 میگاواٹ کے 3 یونٹس سے 108 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، پہلا یونٹ آپریشنل ہوگیا ہے جبکہ دوسرا مارچ اور تیسرا مئی میں فعال ہوگا، 108 میگاواٹ بجلی 20 اگست 2018 تک قومی نظام میں شامل ہوجائے گی، پہلے یونٹ سے 36 میگاواٹ بجلی چترال اور ملحقہ علاقوں کو فراہم کی جائے گی۔ گولن گول منصوبے کے بعد چترال میں کبھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور یہ منصوبہ اتنی بجلی پیدا کرے گا کہ چترال کی بجلی کی ضرورت پوری ہوجائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکومتی وسائل کبھی یہاں تک نہیں پہنچے لیکن آج چترال سی پیک منصوبے میں شامل ہونے جارہا ہے جہاں اربوں روپے کی سڑکیں بنائی جارہی ہیں اور یہاں گیس کا مسئلہ بھی حل کیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق بھی چترال کی طرح ہی ایک پہاڑی علاقے سے ہے لیکن میرے حلقے کی بھی کچھ یونین کونسلز میں اب بھی بجلی نہیں ہے کیونکہ اس پر بہت اخراجات آتے ہیں لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہاں بھی بجلی فراہم کی جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے،نواز شریف کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت بحال ہوئی، جولائی میں عوام نے درست فیصلہ کرنا ہے اور اگر درست فیصلہ کیا گیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج پورے ملک میں سڑکیں بن رہی ہیں، بجلی اور گیس کا بحران ختم ہوچکا ہے اور ترقی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گولن گول ہائیڈرو پاور منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مقامی رہنماؤں نے شرکت کی اور منصوبے کی کامیابی کیلئے دعا کی۔