• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Krishna Kumari The First Ever Hindu Woman From Thar Nominated For Pakistans Upper House

کرشنا کماری کا نام سنتے ہیں آنکھوں کے سامنے جو چہرہ اُبھرتا ہے وہ سری دیوی کی ہم عصر تیلگو فلموں کی معروف اداکارہ کا ہےجو 1960ء سے لے کر 1980ء کی دہائی تک پردہء سیمیں پر چھائی رہی۔لیکن یہ کرشنا کماری وہ نہیں بلکہ تھرکے انتہائی غریب کولھی خاندان سے تعلق رکھنے والی وہ خاتون ہے جس کا بچپن اپنے خاندان سمیت عمر کوٹ کے ایک وڈیرے کی نجی جیل میں گزرا۔
پھر یہ ہو ا کہ نہ وہ جیل رہی اور نہ اس جیل میں قید رہنے والی لڑکی کے پاؤںسے بندھی بیڑیاں۔ظالم وڈیرے کی قید سے رہائی کے بعد اس لڑکی نے اپنے سر کی اجرک کو پرچم بنا لیااور اب یہ پرچم پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں لہرانے جا رہا ہے۔کرشنا کماری سینیٹ الیکشن کی عام نشستوں پر سندھ سے پیپلزپارٹی کی امیدوار ہوں گی اور ان کی لازمی جیت کی یقین دہانی بلاول بھٹو اور فریال ٹالپر نے کروا دی ہے۔
ننگرپارکر کے ہاری خاندان میں جگنوکولھی کے گھر پیدا ہونے والی کرشنا کی شادی سولہ سال کی عمر میں لال چند سے ہو گئی تھی ۔ اس وقت وہ نویں جماعت کی طالبہ تھی۔لال چند نے شادی کے بعد بھی کرشناکے نام سے جڑی علم کی لو کی مدھم نہیں ہونے دیاجس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کرشنا 2013ء میں سندھ یونیورسٹی سے سماجیات میں ماسٹرز کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ اس دوران وہ تھر اور دیگر علاقوں کے پسماندہ لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے بھی عملی کوشش کرتی رہیں۔
کرشنا کماری کے بھائی یونین کونسل بیرانو کے چیئرمین ہیں ۔کرشنا بھی اپنے بھائی کے ساتھ پیپلزپارٹی میں شامل ہوئی تھیں۔1979ء میں فروری کے مہینے میں پیدا ہونے والی کرشنا پریہ مہینہ اتنا مہربان ہے کہ 2018ء میں آنے والے اسی مہینے میں انہیں پاکستان کے ایوانِ بالا کے لیے منتخب کروائے جانے کی نوید سنائی گئی ہے لیکن کرشنا کماری کی کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی۔تاریخ کے اوراق پلٹے جائیں تو کرشنا کے خاندان میں ایک میناوتی بھی تھی۔
میناوتی انگریزوں کے خلاف لڑنے والے عظیم سندھی ہیرو روپلو کولھی کی شریکِ حیات تھیں۔1857ء میں جب انگریزوں نے ننگرپارکر کے راستے سندھ پر حملہ کیا تومزاحمت کرنے والے ٹھاکر راجپوت مکھیہ راناکرن سنگھ کے اگلے دستوں کی کمانڈ روپلوکولھی کے ہاتھوں میں تھی۔22اگست 1859ء کو جب انگریز روپلوکولھی کو پکڑ کر تختہء دار پر لٹکانے کے لیے لے گئے تو میناوتی کی آواز اس کے کارونجھرپہاڑ جیسے مضبوط ارادوں کو کچھ اور جلا بخش رہی تھی۔
انگریز ٹھاکررانا کرن سنگھ کا ٹھکانہ بتانے کے صلے میں روپلو کی جان بخشی کرنے کو تیار تھے۔روپلو بدترین تشدد کے باوجود کچھ نہیں بولا۔وہ تو وطن کے لیے جان دینے چلا تھا ، وطن سے غداری اس کے خمیر میں نہیں تھی۔ایسے میں میناوتی کی آواز کہ ’’روپلا! اگر تو نے انہیں کچھ بتایا تو پارکر کی کولھنیاں مجھے طعنے دیں گی، آئے دن کوسیں گی کہ وہ دیکھو غدار کی بیوی. میں تیرا مرا ہوا منہ تو دیکھ سکتی ہوں، اپنے آپ کوبیوہ توقبول کر سکتی ہوں لیکن مجھے ایک غدار کی بیوی ہونا قبول نہیں‘‘۔اور پھرببول کے پیڑ سے لٹکی ہوئی روپلو کی لاش نہ صرف اس کی شریکِ حیات میناوتی کو کولھنیوں کے طعنوں سے بچا گئی بلکہ رہتی دُنیا کو یہ سبق بھی سکھا گئی کہ
چھورہے تھے قاتلوں کے سر مرے پاؤں کے ساتھ
کس قدر اونچا تھا میں سولی پہ چڑھ جانے کے بعد

تازہ ترین