لاہورکے علاقے ملت پارک میں 9 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس نے گھر کے سربراہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 9 سالہ زینب سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازم تھی، جو جمعرات کو کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی۔
گرفتار ملزم سلمان کے مطابق زینب کو ابتدائی طبی امداد گھر ہی میں دی جاتی رہی، حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بچی کے والدین کو جھلسنے کی اطلاع نہیں دی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے متاثرہ زینب کے والدین سے ملاقات کی اور انھیں انصاف کی یقینی دہانی کروائی۔
پولیس کے مطابق بچی کی موت کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔