لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں گالم گلوچ کی سیاست پروان چڑ رہی ہے اور اس وقت صرف اور صرف گالم گلوچ کی سیاست ہو رہی ہے جو جتنی زیادہ گالیاں دیتا ہے وہ اتنا ہی بڑا لیڈر بن جاتا ہے اور اسے اتنی ہی زیادہ ترقی ملتی ہے،میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں کو توڑنے کے حق میں نہیں ہوں، چاہے اس کا فائدہ ہمیں ہی کیوں نہ ہو لیکن یہ روایت ختم ہونی چاہئے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر کا ذکر نہ کرنے پر بہت افسوس ہوا، یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طور پر منانا چاہئے جوائنٹ سیشن میں کشمیر کا ذکر نہ کرنا بہت ہی افسوس کی بات ہے جو بھی حکومت ہو اس کو کشمیر کیلئے جدوجہد کرنا ہوتی ہے۔ گزشتہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے دورحکومت میں کشمیر کے ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور ہمارے دور حکومت میں انڈونیشیاء ،ملائیشیاء سمیت دیگر مسلم ممالک نے کشمیر ایشو پر ہمارے موقف کی تائید کی ۔