• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز صادق اور سعد رفیق کی وزیراعلیٰ سے ملاقات،عوام ترقی کی مخالفت کرنیوالوں سے حساب لیں گے،شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، عوام ترقی کی مخالفت کرنیوالوں سے حساب الیکشن میں لینگے،ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں،ہم نےترقیاتی منصوبوں میں 682ارب روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں نیا ریکار ڈ قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارجاری اپنے ایک بیان اور بعد ازاںسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اپنی مثال آپ ہے اورہم نے ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور استعمال میں پنجاب سرفہرست ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے یہ عناصر کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے۔عوام ترقی کی مخالفت کرنے والوں سے حساب الیکشن میں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں۔2018ء کے انتخابات میں عوام خدمت کرنے والوں اورترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے جھوٹ بولنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔باشعور عوام اس لیڈر کی دروغ گوئی اور بہتان طرازی سے تنگ آ چکے ہیں حتیٰ کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی جھوٹ، یوٹرن اور بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست سے بیزارہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سےسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اور وزیر ریلویز نے منصوبوں میں 682 ارب روپے کی بے مثال بچت پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ شہباز شریف نےراولپنڈی میں نوجوان کے گلے پر ڈور پھرنے کے واقعہ کا سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس پی راول بہرام،ڈی ایس پی سٹی فرحان اسلم اور ایس ایچ اوخالد ستی کو معطل کر تے ہوئے فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔جبکہ فیصل آباد میں بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے دونوں واقعات میں پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تازہ ترین