راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پہلے سنڈیکیٹ اجلاس میں یونیورسٹی کے تعلیمی منصوبوں، انتظامی امور ، قواعد و ضوابط مرتب کرنے ، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل سمیت متعدد اہم امور کی منظوری دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ طبی تعلیم و تربیت کے فروغ کے لئے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔اس امر کا اظہار صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا-سپیشل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر سجاد احمد چوہان نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کیلئے ایسے قوائد و ضوابط مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا جن سے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل ہوں اور مالیاتی نظم و ضبط قائم رکھنے میں مدد ملے ۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر نےکہا کہ یونیورسٹی میں نئے ریذیڈنسی پروگرام شروع کئے جائیں گے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ تعداد میں میڈیکل سٹوڈنٹس کے داخلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے - دریں اثناء صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کے منصوبے کو تیز رفتاری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات بلاتاخیر فراہم ہو سکیں۔ انہو ں نے متعلقہ محکموں اور ادارو ں کے نمائندوں کے ہمراہ زیر تعمیر انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کے مختلف شعبوں کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔